خیبر پی کے میں جس انقلابی تبدیلی کی - TopicsExpress



          

خیبر پی کے میں جس انقلابی تبدیلی کی بازگشت سُنائی دے رہی تھی دیکھنے میں نہیں آئی : سپریم کورٹ ! تحریک انصاف کے قائد سے لے کر کارکن تک تبدیلی انقلابی تبدیلی کے نعرے لگاتے لگاتے خیبر پی کے میں ایوان کی غلام گردشوں میں داخل ہو کر مسند آرا تو ہو گئے ہیں تاہم ”بڑھے چلو کہ وہ منزل ابھی نہیں آئی“ کے مصداق انہیں بہت سے کام جلد از جلد کرنا ہوں گے ورنہ ”سونامی“ اگر واپس پلٹا تو پورس کے ہاتھیوں کی طرح اپنے ” ووٹر“کو روندتا ہُوا گزر جائے گا اور اس ”انقلابی تبدیلی“ کی بہار کسی کو دیکھنا نصیب نہیں ہو گی۔ اب تو عمران خان کو پتہ چل گیا ہو گا کہ اقتدار پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کا بستر ہے جو دیکھنے میں تو نہایت خوشنما نظر آتا ہے مگر اس پر بیٹھنا بہت مشکل ہوتا ہے .... خدا گواہ زمانہ سے بدگماں ہو کر تیری وفا پہ بھی کیا کیا ہمیں گماں گزرے ابھی تو سرکاری محکموں کے ٹھیکوں میں گھپلے سامنے آئے ہیں اگر ”منجی تھلے ڈانگ“ پھیری جائے تو نجانے مزید کیا کیا کچھ برآمد ہو گا اور ”تبدیلی کے سونامی“ کے ساتھ جو کاٹھ کباڑ در آیا ہے اسے بھی ہٹانا پڑے گا۔ فی الحال تو صوبے کے وزیر مواصلات جعلی یعنی دو نمبر ڈگری کے جرم میں فارغ ہوئے ہیں خدا نہ کرے کوئی اور بھی اس فعلِ بد کی زد میں آئے اور حاسدین کو باتیں بنانے کا موقع ملے۔ ان حالات میں دیکھیں تو اصل تبدیلی عدلیہ کے ہاتھوں آ رہی ہے، کرپشن بے نقاب ہو رہی ہے، جعلی ڈگریاں پکڑی جا رہی ہیں، بے شمار دیگر جرائم پر ازخود ایکشن لیا جا رہا ہے، آخر تبدیلی ہو تو ایسی ہو جو سب کو نظر آئے۔ ابھی تک خیبر پی کے حکومت اپنے اتحادی جماعت اسلامی والوں اور خان صاحب کی طرف سے طالبان کیلئے نیک جذبات کی بدولت بم بار خودکش دھماکوں جیسی قباحتوں سے پوری طرح نمٹ نہیں سکی۔ اگر وہ اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے اور عوام کو تحفظ ملے تو سب کو تبدیلی کا خوشگوار احساس ہو گا مگر ایسا کرے گا کون ۔
Posted on: Sun, 29 Sep 2013 12:06:53 +0000

Trending Topics



Recently Viewed Topics




© 2015